دکی میں سڑک تعمیراتی کارکنوں پر حملہ قابلِ مذمت ہے، بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے، میر ظہور بلیدی


کوئٹہ، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے بیان میں دکی کے علاقے میں سڑک کی تعمیر پر مامور کارکنوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ کی شہادت اور تعمیراتی کارکنوں کے اغوا کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی کارروائیاں بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو متاثر نہیں کر سکتیں اور نہ ہی عوام کے حوصلے پست کیے جا سکتے ہیں۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہیں۔وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز مغوی کارکنوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہیں اور امید ظاہر کی کہ مغوی مزدوروں کو جلد بحفاظت بازیاب کرا لیا جائے گا۔