اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے فوجی حکام کی ملاقاتوں سے متعلق سوال پر کہا کہ فوج سیاست کے بارے میں کسی سوال کا جواب نہیں دے گی، سیاست سیاسی جماعتوں کے لیے ہے اور حکومتیں سیاست دان بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو جمہوریت ہے، ریاست ہے تو آپ اور میں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہم حق پر کھڑے ہیں، حق کے مسافر ہیں، پاکستان، پاکستانی شہری اور پاکستان کی فوج بھی حق پر ہیں، اور حق کو ہمیشہ فتح ہوتی ہے۔